عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ
کیپشن: کینیڈین کروڈ کی فی بیرل قیمت 3 فیصد اضافے سے 52.59 ڈالر پر آ گئی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: امریکا کی جانب سے ایران سے تیل خریدنے والے 8 ممالک کو حاصل استثنیٰ ختم کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2.34 فیصد اضافے کے بعد 65.57 ڈالرفی بیرل ہو گئی۔ کاروبار کے دوران ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت ایک موقع پر 65.92 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

اس کے علاوہ برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 2.77 فیصد اضافے سے 73.96 ڈالر ہو گئی جبکہ کینیڈین کروڈ کی فی بیرل قیمت 3 فیصد اضافے سے 52.59 ڈالر پر آ گئی۔

قیمتوں میں اضافے کی وجہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل درآمد کرنے والے ممالک کو حاصل استثنیٰ ختم کرنے کا اعلان ہے۔

امریکا کے اس اقدام کا مقصد ایرانی تیل کی برآمد کو صفر کرنا ہے تاکہ حکومت کی آمدنی میں خاطر خواہ کمی کی جا سکے۔