علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش
کیپشن: علیم خان 30 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ

لاہور: نیب نے علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا۔

نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ علیم خان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے کیونکہ ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنیوں کی تحقیقات چل رہی ہیں۔ علیم خان 30 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

خیال رہے کہ 6 فروری کو نیب نے پی ٹی آئی رہنما اور اس وقت کے صوبائی وزیر علیم خان کو نیب آفس میں پیشی کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا۔

اس اعلامیے میں ملزم عبدالعلیم خان کی گرفتاری کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ملزم کی جانب سے مبینہ طور پر پارک ویو کو آپریٹنگ ہاؤسنگ سوسائٹی کے بطور سیکریٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی کے طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اسی کی بدولت پاکستان اور بیرون ملک مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔