وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا معاملہ زیر بحث

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا معاملہ زیر بحث
کیپشن: File Photo

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جاری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایمنسٹی سکیم پر غور کئے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس میں اسکیم سےفائدہ اٹھانے والے افراد کو قانونی تحفظ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق ،وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد  وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  کابینہ کا پہلا اجلاس جاری ہے جس  میں وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا معاملہ زیر بحث آئے گا، اس کے علاوہ وزیراعظم  دورہ ایران پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے وفاقی کابینہ معمول کے 16 نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کرے گی۔

کابینہ کو ملک کے موجودہ تعلیمی نظام میں تبدیلیوں  پر بریفنگ دی جائے گی، ریلوے مال بردار گاڑیوں کی حکومتی اداروں کے استعمال سے متعلق عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر ممبر فنانس کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

سعودی فنڈ برائے ترقی کے منصوبوں پر  ٹیکس چھوٹ پر بھی غور کیا جائے گا، رحم کی اپیلوں میں تاخیر اور قانونی کمزوریوں کو دور کرنے کی منظوری دی جائے گی، بینکنگ کورٹ ون پشاور کے جج کو واپس بلانے کا فیصلہ بھی متوقع ہے جبکہ  ڈراوٹ ریسپانس پلان 2019 منظوری کے لیےبھی  کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔