ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں ساڑھے 7 ارب ڈالر کمی

ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں ساڑھے 7 ارب ڈالر کمی
کیپشن: گزشتہ مالی سال جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کا 4.7 فیصد تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: رواں مالی سال پاکستان کے کرنٹ اکاﺅنٹ کا خسارا 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کم ہوگیا۔کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کو کم کرنے کے لیے حکومتی کوششیں کامیاب ہونے لگیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک کے جاری حسابات کے کھاتے کا خسارہ کم ہوگیا ہے۔ مارچ کا خسارہ 60 لاکھ ڈالر رہ گیا اور فروری میں 19 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا خسارہ درپیش رہا۔

مرکزی بینک کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کا خسارہ گزشتہ سال سے 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کم رہا۔ جولائی تا مارچ جاری کھاتے کا خسارہ 2 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جاری کھاتہ کو 10 ارب 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر خسارہ کا سامنا تھا۔

گزشتہ مالی سال جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کا 4.7 فیصد تھا اور رواں مالی سال 9 ماہ کا خسارہ جی ڈی پی کے 1.3 فیصد کے برابر ہے۔