سیاحت کو فروغ دے کر ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں، وزیراعظم

سیاحت کو فروغ دے کر ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں، وزیراعظم
کیپشن: سیاست کو فروغ دے کر ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں، وزیراعطم
سورس: فائل فوٹو

مری: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم صرف سیاحت کی ترقی سے ملک کے قرضے ادا کر سکتے ہیں جبکہ ہمارے سارے علاقے ترقی کریں گے اور سوشل میڈیا کی وجہ سے ٹورازم بڑھ رہی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے مری میں کوہسار یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات سے کہیں زیادہ ہم سیاحت کے ذریعے پیسہ کما سکتے ہیں اور سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مری میں ’ایک فیملی‘ کا بڑا سا گھر بنا ہوا تھا اور 83 کروڑ روپے گھر کی خوبصورتی پر خرچ کیے، کوئی ہسپتال نہیں بنایا بلکہ  اس وقت نتھیا گلی میں ایک چھوٹا سا ہسپتال ہے لیکن حکومت کا فرض ہے لوگوں کی صحت کا خیال رکھے اور انہیں تعلیم دے۔

ان کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اور میٹرک کے بعد بچے کو چھ ماہ کا کورس کرادیں وہ روزگار حاصل کر لیتا ہے۔ قوم عظیم تب بنتی ہے جب آگے کا سوچتی ہے اور اللہ نے ہمارے ملک کو جو نمعتیں بخشی ہیں ان کا ہمیں خود نہیں پتہ لیکن ہم ناشکری کر جاتے ہیں اور اللہ نے پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں چھوڑی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوہسار یونیورسٹی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے اور پاکستان بدلنے والا ہے جبکہ سارے علاقے ترقی کریں گے اور ہماری ٹورازم بڑھ رہی ہے،  سوشل میڈیا کی وجہ سے ٹورازم بڑھ رہی ہے جبکہ ٹورازم پاکستان کا مستقبل ہے اور ہم صرف ٹورازم کی ترقی سے ملک کے قرضے ادا کر سکتے ہیں کیونکہ برآمدات سے کہیں زیادہ ہم سیاحت کے ذریعے پیسہ کما سکتے ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ مری میں وزیر اور بڑے بڑے لوگ مفت رہائش کرتے تھے اور مری میں اتنے لوگ آ جاتے ہیں کہ چلنے کی جگہ نہیں ہوتی اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاحت کے لیے نئے پوائنٹ کھولیں، پاکستان سیاحت کے فروغ سے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے اور سیاحت سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا جبکہ لوگ شہروں کا رخ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور اور غریب طبقے کی مدد کرتی ہے تو اللہ کی برکت آتی ہے اور لوگوں کی ضروریات پوری کرنے والے ممالک خوشحال ہو جاتے ہیں، مدینہ کی ریاست کے اصول اپنانے سے غیر مسلم بھی آگے بڑھ گئے ہیں جبکہ یو این ڈی پی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے تیزی سے غربت کم ہوئی۔