کینیڈا نے بھی پاکستان پر سفری پابندیاں لگا دیں

کینیڈا نے بھی پاکستان پر سفری پابندیاں لگا دیں
کیپشن: کینیڈا نے بھی پاکستان پر سفری پابندیاں لگا دیں
سورس: فائل فوٹو

اوتاوا:  پاکستان میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے عمان کے بعد کینیڈا نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش  نظر مختلف ممالک دیگر ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز عمان نے پاکستان سمیت بھارت اور بنگلہ دیش پر سفری پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اب کینیڈا نے بھی پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

کینیڈا سول ایوی ایشن نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور تمام ایئر لائنز آپریٹرز کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے کہ کورونا کے  بڑھتے کیسز کے پیش نظر پاکستان اور بھارت دونوں کے شہریوں پر سفری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ پابندی عارضی طور پر 30 دن کیلئے لگائی گئی ہے تاہم اس کا اطلاق کارگو پروازوں پر نہیں ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عمان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر اور بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش پر سفری پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

اس سے قبل سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث معطل اپنا بین الاقوامی فضائی آپریشن 17 مئی سے بحال کرنے کا فیصلہ تو کر لیا ہے لیکن اس حوالے سے 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے برقرار رکھی گئی ہے۔ 

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جن 20 ممالک کو سعودی عرب میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی ان میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، امریکہ، انڈونیشیا، اٹلی، ارجنٹائن، جرمنی، آئرلینڈ، برطانیہ، سوئیڈن، برازیل، بھارت، پرتگال، ترکی، سوئٹزرلینڈ، جنوبی افریقہ، جاپان، فرانس، لبنان اور مصر شامل ہیں۔