یوم علیؓ کےموقع پر لاہور سمیت مختلف شہروں میں جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

یوم علیؓ کےموقع پر لاہور سمیت مختلف شہروں میں جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور:  یوم علیؓ کے موقع پر  مختلف شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ  پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے راستوں اور متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر المومنین ، امام المتقین  حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت آج منایا جارہا ہے, اس  موقع پر  کراچی ، لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی ، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کے نظام میں روانی برقرار رکھنے کیلئے پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔

یوم علی کی مناسبت سے کراچی میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ شاہ خراساں نشتر پارک سے برآمد ہوگا  جبکہ لاہور میں یوم علی کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوکر  اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے جس کیلئے  سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں. کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ، ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر عابد کے ہمراہ روٹ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہیں بریفنگ دی گئی۔جلوس کے مرکزی روٹ پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمرے مکمل طور پر فعال ہیں۔

علاوہ ازیں   اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے جس کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستوں کو محفوظ بنانے کیلئے روٹس کی ملحقہ سڑکوں اور گلیوں کو سیل کردیا جائے گا، اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کو بھی شہریوں کی آسانی اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر  رواں  دواں رکھنے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مصنف کے بارے میں