مصری خاتون نے شوہر کی خدمات پر "معاوضہ "وصول کرنے کی فہرست سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی

مصری خاتون نے شوہر کی خدمات پر

قاہرہ:میاں بیوی کے تعلقات ہر لحاظ سے مختلف ہوتے ہیں ۔ہمیں بہترین تعلقات کے حامل میاں بیوی بھی ملتے ہیں اور ایسے بھی جن کے آپسی تعلقات کا جان کر شاید یقین کرنا مشکل ہو جائے ۔ گزشتہ دنوں مصری خاتون نے شوہر سے لڑائی کے بعد اس کا ہر کام کرنے کے عوض معاوضہ لینے کا اعلان کیا ۔

تفصیلات  کے مطابق ایک مصری خاتون نے اپنے شوہر کو فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کا ”معاوضہ“ لینے کی کاپی سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔ مصری خاتون کی طرف سے جاری ہونے والے”معاوضہ“ میں کہا گیاہے کہ وہ شوہر کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات کا معاوضہ لیا کرے گی۔

 مصری خاتون  نے شوہر کو پانی پلانے کی قیمت 5مصری پاﺅنڈ، جوس بنانے کے 5پاﺅنڈ، ریموٹ کنٹرول ڈھونڈنے کے 5پاﺅنڈ، چشمہ لانے کے 5 پاﺅنڈ،قمیص استری کرنے کے 10 پاﺅنڈ، کھانا پکانے کے 15سے 40پاﺅنڈ، دسترخوان بچھانے اور اٹھانے کے 10پاﺅنڈ، سبزی خریدنے کے 5پاﺅنڈ اور گھر سے باہر کوئی کام کرکے آنے کے 20پاﺅنڈ لئے جائیں گے جبکہ برتن دھونے کا یہ شیڈیول ہے کہ ایک دن وہ دھوئے گی جبکہ دوسرے دن شوہر کے ذمہ ہوں گے۔خاتون کے اس اعلان کے بعد مصری مردوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ان کا کہناہے کہ خاتون کو ایسا نہیں کر نا چاہیئے تھا ۔

تاہم بیوی کی طرف سے نرخ نامہ شیئرکرتے ہی شوہر نے بھی اپنی طرف سے پیش کی جانے والی خدمات کا ”معاوضہ“جاری کردیا۔شوہر کی طر ف سے جاری ہونے والے”معاوضہ“ کے مطابق گھر کا کوئی بھی سامان لانے کے 5پاﺅنڈ وصول کئے جائیں گے۔ گیس سلنڈر تبدیل کرنے کے 15پاﺅنڈ، پانی کے کین اٹھانے کےلئے 5پاﺅنڈ، غیر ضروری کام سے گھر سے باہر لے جانے پر20پاﺅنڈ اور بچوں کے ساتھ کھیلنے کے 30پاﺅنڈلئے جائیں گے۔بیوی نے اگر پوچھاکہ کیا پکاﺅں: تو اِس پر اُس سے20پاﺅنڈ لئے جائیں گے۔ شوہر نے”معاوضہ“ میں لکھا ہے کہ برتن دھونے کا جدول اسے منظور ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.