پیپلز پارٹی 62 اور 63 میں ترامیم کی حمایت نہیں کرے گی، خورشید شاہ

پیپلز پارٹی 62 اور 63 میں ترامیم کی حمایت نہیں کرے گی، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نواز شریف کو بچانے کیلئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترامیم چاہتی ہے لیکن یہ نکات آئین کا حصہ ہیں اور کسی صورت ختم نہیں ہوں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت عدالت کے فیصلوں کا احترام کرے اور شخصیات کو بچانے کے لئے آئین میں ترامیم کا خیال ذہن سے نکالے اور اگر حکومت پھر بھی ترمیم کرنا چاہتی ہے تو پیپلز پارٹی ایسی کسی بھی ترامیم کی حمایت نہیں کرے گی کیونکہ ہم 62 اور 63 کا خاتمہ نہیں چاہتے بلکہ صرف ان شقوں میں ضیاء الحق کے اضافی شقوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت کو 62 اور 63 میں ترامیم کی باتیں تو یاد ہیں لیکن امریکی صدر کے بیان پر کوئی توجہ نہیں حکومت اپنی ذمہ داری دکھائے اور نیوز لیک رپورٹ بھی منظر عام پر لائی جائے۔

یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا تھا آرٹیکل باسٹھ میں نااہلی کی مدت کا کوئی ذکر نہیں اور ہمارے خیال میں نااہلی کی مدت پانچ سال سے بھی کم ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ ہم یہ آئینی ترامیم مین کمیٹی میں لے کر جائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں