سمارٹ فون کے صحت پر پڑنے والے خطرناک نقصانات

سمارٹ فون کے صحت پر پڑنے والے خطرناک نقصانات

کراچی: ٹیکنالوجی کے اس دور میں سمارٹ فون ایسی ضرورت بن گیا ہے جس کے بغیر زندگی مشکل ہو جاتی ہے۔ لیکن بعض افراد اس استعمال میں حدسے تجاوز کر جاتے ہیں اور انہیں صحت کے حوالے سے نقصان اٹھانا پڑ جاتا ہے۔
جی ہاں! ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ موبائل کا ز یادہ استعمال گردن پر تکلیف کا سبب بن رہا ہے۔امریکی شہر لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے نیورو سرجنز کا کہنا ہے کہ ان کے پاس گردن میں درد کی شکایت کے مریضوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ان کے مطابق جب وہ ایسے مریضوں کا ایکسرے کرتے ہیں تو انہیں گردن پر موجود سپائنل کورڈ جو مختلف ٹشوز اور اعصاب کا مجموعہ ہوتی ہے، اپنی قدرتی حالت سے مختلف، مڑی ہوئی نظر آتی ہے جو اس حصے میں تکلیف کا سبب بنتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شکایت ان افراد کو ہوتی ہے جو سمارٹ فونز کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔یہ صورتحال بچوں کے لیے زیادہ خطرناک ہے جن کا جسم نشونما پانے کے مراحل میں ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق جیسے جیسے بچوں کا اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس یا آئی پیڈز سے کھیلنے کا دورانیہ بڑھتا جاتا ہے ویسے ویسے ان کی نیند کے دورانیے میں کمی آتی جاتی ہے۔وہ بچے جو بچپن سے ہی ویڈیو گیمز کھیلنے یا بہت زیادہ ٹی وی دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں وہ نیند کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی ذہنی نشونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔