عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا

عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا

عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ذرائع کے مطابق کلبھوشن یادیو کیس آئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں 19 سے 25 فروری 2019 تک روزانہ کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت ہو گی۔عالمی عدالت انصاف میں پاکستان اور بھارت نے کلبھوشن یادیو کیس میں دو، دو جوابات جمع کرائے ہیں۔

پاکستان نے اپنے جمع کرائے گئے جوابات میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جواب دیے تھے۔پاکستان نے پہلا جواب 13 دسمبر 2017 اور دوسرا جواب رواں برس17 جولائی کو جمع کرایا تھا۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔

پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی تھی۔لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔