احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی  

The accountability court adjourned the hearing of the Paragon housing case till September 23
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 23 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ عدالت نے خواجہ برادران کو آج طلب کر رکھا تھا۔ خواجہ سعد رفیق اور سلیمان رفیق نے عدالت نے حاضری مکمل کرائی۔ خواجہ برادران کیخلاف فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ تاہم عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے صحت جرم کے انکار پر گواہان کو طلب کر رکھا ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت میں آج گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر رکھا تھا۔عدالت میں اب تک آٹھ گواہان اپنے بیان قلمبند کرا چکے ہیں۔ نیب کی جانب سے کیس میں ٹوٹل 122 گواہان کو پیش کیا جائے گا۔

نیب ریفرنس کے مطابق خواجہ برادران پر پیراگون سٹی کرپشن میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔

احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے پیراگون ہاؤسنگ کیس پر سماعت کی۔ خواجہ برادران کے وکیل میاں نسیم ثقلین نے عدالت سے استدعا کی کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخابات ہو رہے ہیں، کیس کی تاریخ جلد نہ رکھی جائے۔

خواجہ سعد رفیق کا عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ غیر موثر ہو چکی ہے، ملک پر رنگیلے حکمران مسلط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک بڑا مسئلہ ہے مگر حکومت نے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا، افغانستان میں آنے والی حکومت کا خیبر پختونخوا اور بلوچستان پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔