حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے متحرک ہے، وفاقی وزیر اسد عمر  

The government is active in providing protection to women, said Asad Omar
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے متحرک ہے، خواتین اور بچوں کو تحفظ دینے کیلئے جتنی قانون سازی اس حکومت میں ہوئیں پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ زینب الرٹ بل اور گھریلو تشدد بل پاس کئے گئے۔ لاہور میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے بدقسمت واقعہ پر صرف نوٹس نہیں لیا گیا بلکہ چند گھنٹوں میں 24 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ تحریک انصاف حکومت کی 3 سالہ کارکردگی کو اے گریڈ دوں گا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان اور کراچی میں تاریخی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی افواج کے انخلاءکے بعد افغانستان میں خانہ جنگی کا خدشہ تھا اور یہ تخمینہ لگایا جا رہا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ پانچ سے سات لاکھ افغان مہاجرین پاکستان کا رخ کریں، یہ کبھی نہیں کہا کہ سات لاکھ کے قریب مہاجرین کیلئے کیمپوں کا انتظام کر لیا گیا ہے، میں نے این سی او سی اجلاس میں درخواست کی تھی کہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پلان بنانا چاہیے۔

اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس سے کوئی بھی ملک محفوظ نہیں رہا البتہ دوسرے ممالک کی بہ نسبت پاکستان محفوظ ترین رہا، اس وقت افغانستان میں کورونا شدت سے پھیلا ہوا ہے اور وہاں پر بھی بھارتی وائرس نے تباہی کی ہے، ہم نے کورونا کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ایران اور افغانستان سرحد پیدل آمدورفت کیلئے بند کی ہوئی ہیں، کورونا اہم پہلو ہے اس لئے ہم مہاجرین نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں ایسی حکومت قائم ہو جسے افغان عوام کا اعتماد حاصل ہو، افغان قوتوں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے جو حوصلہ افزا بات ہے، فیصلہ ہم نے نہیں کرنا، افغانستان کے مستقبل کا تعین کرنا افغان عوام کا کام ہے، افغانستان میں جو بھی حکومت آئے گی پاکستان کی کوشش ہو گی کہ خطے کے تمام ممالک مل کر کوآرڈینیشن میں کام کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ ہے اسی لئے ہمیں افغانستان کے عوام کا درد ہے، وزیراعظم عمران خان 20 سال سے یہ آواز اٹھاتے آئے ہیں کہ افغان مسئلہ کا حل جنگ نہیں، اس کا سیاسی حل نکالنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج مکمل، منظور اور اس پر عمل درآمد شروع کیا، بلوچستان کے سب سے زیادہ محروم اور غربت کا شکار 9 اضلاع میں تیزی سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم ہر انتخابات میں دھاندلی کا رونا روتی ہے لیکن اس کے باوجود وہ نہیں چاہتی کہ نظام تبدیل ہو، انتخابی نظام میں شفافیت لانے اور انتخابات سے دھاندلی ختم کرنے کیلئے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔