کراچی، کیش وین سے 20 کروڑ کی چوری، 2 سہولت کار گرفتار

کراچی، کیش وین سے 20 کروڑ کی چوری، 2 سہولت کار گرفتار
کیپشن: کراچی، کیش وین سے 20 کروڑ کی چوری، 2 سہولت کار گرفتار
سورس: فائل فوٹو

کراچی: شہر قائد کے علاقے میٹھادر میں کیش وین سے رقم لوٹنے کے کیس میں 2 سہولت کار پکڑے گئے ہیں۔

میٹھادر میں 9 اگست کی صبح ہونے والی کیش وین واردات میں پولیس نے دو سہولت کار گرفتار کر لیے ہیں اور واردات میں وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔

پولیس نے رقم منتقلی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی تحویل میں لے لی ہےاور تفتیشی حکام نے کہا ہے کہ اس واردات کی منصوبہ بندی کئی مہینوں سے کی گئی تھی اور چوری شدہ رقم ہائی روف وین کے ذریعے منتقل کی گئی۔ واردات کے بعد ڈرائیور حسین شاہ ہائی روف میں پیسے لے کر گلستان جوہر پہنچا تھا۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ گرفتار سہولت کار سگے بھائی اور ہائی روف وین کے مالک ہیں، واردات میں استعمال گاڑی سہولت کاروں نے اپنے بہنوئی ذوالفقار کو دی تھی، ذوالفقار نے واردات کے لیے وین مرکزی ملزم حسین شاہ کو سونپی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم حسین شاہ اور ساتھی ذوالفقار کراچی سے باہر فرار ہو گئے ہیں، مفرور ملزم ذوالفقار نے پکنک پر جانے کے بہانے وین حاصل کی تھی۔

خیال رہے کہ میٹھادر میں وین سے رقم چوری کی واردات 9 اگست کی صبح ہوئی تھی۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نجی سیکیورٹی کمپنی کی وین طارق روڈ سے بینک کی رقم منتقل کرنے کے لیے روانہ ہوئی تو آئی آئی چندریگر روڈ پہنچنے کے بعد گارڈز کچھ رقم لے کر نیچے اترے اور اسی دوران وین ڈرائیور حسین شاہ گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔

گزشتہ ہفتے تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ وین ڈرائیور کا پولیس تصدیقی سرٹیفکیٹ جعلی نکلا اور اس پر تھانے دار کے دستخط جعلی تھے جبکہ گلستان جوہر تھانے کے افسر نے ایس ایچ او کی جگہ دستخط کر کے ملزم کو سرٹیفکیٹ دیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق اس واردات میں ملوث تمام افراد کی نشان دہی ہوچکی ہے، ملزم نے اپنے دو موبائل فون مائی کلاچی روڈ پر پھینک دیے تھے جو پولیس تحویل میں لیے جا چکے ہیں، ان میں سے ایک موبائل فون سیکیورٹی کمپنی نے دیا تھا۔