سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ جمیل فاروقی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ جمیل فاروقی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ جمیل فاروقی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ جمیل فاروقی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں یہ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ 
ڈیوٹی مجسٹریٹ اظہر ندیم کی جانب سے جاری کئے گئے ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جمیل فاروقی کو اسلام آباد پولیس کے خلاف وی لاگ کرنے پر گرفتار کیا گیا، جمیل فاروقی نے اسلام آباد پولیس پر پی ٹی آئی کے رہنماءشہباز گل کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ 
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی کیونکہ اسلام آباد پولیس جمیل فاروقی کا موبائل اور دیگر ڈیوائسز برآمد کرنا چاہتی ہے جبکہ ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی ہے۔ 
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جمیل فاروقی نے اپنے ذرائع سے خبر دی، تفتیش کیلئے موبائل فون اور دیگر ڈیوائسزکی برآمدگی ضروری ہے۔ ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، 25 اگست کو ملزم کو میڈیکل رپورٹ کیساتھ پیش کیا جائے۔

مصنف کے بارے میں