پاکستان نیوی ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم

پاکستان نیوی ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم

کراچی: پاکستان نیول اکیڈمی میں105 ویں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کیڈٹس کا اعتماد ملک کے مضبوط دفاع کی علامت ہے اور کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا سمندروں کے محافظ کے طور پر کیڈٹس کو قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا کیونکہ پاک نیوی قومی سلامتی کیلئے بھرپور کام کر رہی ہے اور پاکستان نیوی ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ہمسایہ ملکوں سے پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور قیام امن کے لیے پاکستان کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستان کادفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے جبکہ ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد دہشتگردی کےخاتمے کے عزم کا اعادہ ہیں۔

اس سے قبل تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے دوران تربیت اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعام سے بھی نوازا۔

پریڈ میں مجموعی طور پر 129 افسران پاس آؤٹ ہوئے۔ 17 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس پاس کرنے والوں میں 26 افسران سمیت 57 پاکستانی اور 46 غیرملکی شامل تھے۔ دوست ملکوں میں بحرین، قطر،اردن ، مالدیپ اور سعودی عرب کے کیڈٹس شامل تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں