شہدا کی وجہ سے قوم آزاد فضائوں میں سکھ کا سانس لے رہی ہے : سراج الحق

شہدا کی وجہ سے قوم آزاد فضائوں میں سکھ کا سانس لے رہی ہے : سراج الحق


لاہور:امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہداء کی وجہ سے قوم آزاد فضاؤں میں سکھ کا سانس لے رہی ہے،پاکستانی قوم اپنے محسنوں کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔


امیر جماعت اسلامی سراج الحق وزیرستان کے علاقے میں شہید ہونے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے گھر گئے اور شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہید عبدالمعید کی قربانی ملک کی بقا اور سلامتی کے لئے ہے،شہید عبدالمعید اور ان جیسے اور نوجوان جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہووے جام شہادت نوش کیا ،ان شہیدوں کی وجہ سے پوری قوم آزاد فضاؤں میں سکھ کا سانس لے رہی ہے،پاکستانی قوم اپنے ان محسنوں کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔


انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور ہمارے حکمرانوں میں فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔فاٹا اصلاحات بل پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل کا پاس نہ ہونا حکومت کی ناکامی ہے،اگر حکومت نے فاٹا کا معاملہ جلد از جلد حل نہ کیا تو فاٹا کے عوام کے لئے سڑکوں پر نکلیں گے۔