انڈونیشیا میں سونامی سے تباہی، 43 افراد ہلاک، 600 سے زائد زخمی

انڈونیشیا میں سونامی سے تباہی، 43 افراد ہلاک، 600 سے زائد زخمی
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

جکارتہ: انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں سونامی نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک جبکہ 600 سے زائد زخمی اور 2 لاپتہ ہوئے۔


تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں سونامی سے درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا، سماٹرا اور جاوا کی ریاستیں زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ سونامی کی وجہ ممکنہ طور پر زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے کے بعد لہروں کا بلند ہونا تھا۔سونامی کے بعد امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


انڈونیشین حکام کے مطابق سونامی کے باعث شہر کی کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔


انڈونیشین حکام نے بتایا کہ آبنائے سندا میں سمندری لہریں ممکنہ طورپرآتش فشاں پھٹنے سے پیدا ہوئیں جب کہ سونامی سے سماٹرا اور جاوا کے علاقے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سڑکوں اور گلیوں میں ہر طرف لاشیں بکھری پڑی ہیں، ہسپتال زخمیوں سے بھرگئے ہیں جب کہ متاثرین کو خوراک، ادویات اور پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔


خیال رہے کہ انڈونیشیا میں 26 دسمبر2004 میں بھی تاریخ کا ہلاکت خیزسونامی آیا تھا جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد اپنی جانوں سے گئے تھے اس کے باوجود انڈونیشیا نے احتیاطی تدابیراورہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے جس کا خمیازہ اس بار کی سونامی میں بھی بھگتنا پڑا۔