نواز شریف کی شہباز شریف سے اچانک ملاقات،آئندہ کی حکمت عملی پر غور

نواز شریف کی شہباز شریف سے اچانک ملاقات،آئندہ کی حکمت عملی پر غور
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد:سابق وزیر اعظم نواز شریف اچانک اسلام آباد پہنچ گئے اور اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف سے منسٹر انکلیو میں ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف سے منسٹر انکلیو میں ملاقات کی اوردونوں بھائیوں نے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔ملاقات میں کل کے نیب کے متوقع فیصلے پر تبادلہ خیال کیا ۔نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات دو گھنٹے سے زائد تک جاری رہی،پارٹی قیادت کل احتساب کورٹ کا فیصلہ سننے عدالت جائےگی جبکہ پوری قیادت ،رہنما ،سینیٹرزاورارکان قومی اسمبلی کواسلام آباد میں پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔


دونوں بھائیوں کے درمیان احتساب عدالت کے متوقع فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی،مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے پارٹی کی ہائی کمان کواسلام آبادنہ چھوڑنے کی ہدایت کردی۔

 نواز شہباز ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ فیصلے آنے پر کس قسم کا ردعمل دیا جائے دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر آگےبڑھا جائے اورکل عام کارکنان کو احتساب عدالت نہ بلایا جائے صرف قیادت آئے ۔

نواز شریف کی گرفتاری کی صورت میں عوامی رابطہ مہم کیسے چلائی جائے گی،چوہدری تنویر اور ملک ابرار نے شریف برادران کو حقیقت سے آگاہ کردیا جبکہ شہباز شریف نے نواز شریف کی گرفتاری کی صورت میں ہر صورت میں لوگ جمع کرنے کی ہدایت کردی۔

میاں نواز شریف شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مری روانہ ہوجائیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کل احتساب عدالت میں ہی فیصلہ سنیں گے جبکہ مریم نواز کی بھی کل احتساب عدالت میں آمد متوقع ہے۔