نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ جاری، پاکستان پہلے نمبر پر براجمان

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ جاری، پاکستان پہلے نمبر پر براجمان
کیپشن: فوٹو بشکریہ: پاکستان ـ کرکٹانسٹاگرام اکائونٹ

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان  بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ بلے بازوں میں بابر اعظم، باؤلرز میں راشد خان اور آل راؤنڈرز میں گلین میکسویل سرفہرست ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے تحت پاکستانی ٹیم بدستور سرفہرست ہے، بھارت دوسرے، انگلینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر ہے۔

بلے بازوں میں بابر اعظم پہلے، کولن منرو دوسرے ایرون فنچ تیسرے نمبر پر ہیں، ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس 11 درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، شکیب الحسن اور محموداللہ نے تینوں شعبوں میں ترقی پائی ہے، بلے بازوں میں شکیب 7 درجے بہتری کے ساتھ 37ویں۔

باؤلرز کی درجہ بندی  میں راشد خان پہلے نمبر پر موجود ہیں، شاداب خان کا دوسرا نمبر ہے، کارلوس بریتھویٹ 8 درجے بہتری کے ساتھ 22ویں نمبر پر آ گئے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹاپ رینکڈ  ویسٹ انڈین باؤلر کا اعزاز بھی پا لیا، کیموپال 42 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 30ویں نمبر پر آ گئے،  کوٹریل 64 درجے چھلانگ لگا کر 88ویں، فابین ایلن 86 درجے چھلانگ لگا کر 99ویں نمبر پر آ گئے۔

تمیم اقبال اور مشفق الرحیم کی بیٹنگ کے شعبے میں بالترتیب دو اور پانچ درجے تنزلی ہوئی ہے۔ آل راؤنڈرز میں میکسویل سرفہرست ہیں۔