سندھ ہائیکورٹ نے پی پی رہنما خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کردیا

سندھ ہائیکورٹ نے پی پی رہنما خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کردیا

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی رہائی کا حکم سندھ ہائیکورٹ نے 16 جنوری 2020 تک ملتوی کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ نے خورشید شاہ کی رہائی کے خلاف دائر نیب کی درخواست پر سماعت کی جس میں پیپلزپارٹی رہنما کے وکلاءنے جواب جمع کرایا۔عدالت نے استفسار کیا کہ خورشید شاہ کیوں پیش نہیں ہوئے۔

وکیل مکیش کمار خورشید شاہ نے بتایا کہ ان کے موکل جیل حکام کے پاس ہیں۔پیپلزپارٹی رہنما کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کی رہائی کے لیے مچلکے کوئی نہیں لے رہا۔

ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت16 جنوری تک احتساب عدالت کا فیصلہ معطل رہے گا۔خیال رہے کہ احتساب عدالت سکھر نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔