بھارتی شہریت کا متنازعہ بل، او آئی سی کا بھارت سے بڑا مطالبہ

بھارتی شہریت کا متنازعہ بل، او آئی سی کا بھارت سے بڑا مطالبہ

جدہ :اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کے مسلم مخالف متنازعہ بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مسلمانوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہم بھارت میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت کے شہریت کے ترمیمی بل سے مسلمان اقلیت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا بابری مسجد کیس پر بھی تحفظات ہیں کیونکہ اس معاملے میں مسلمانوں کیساتھ زیادتی کی گئی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا او آئی سی بھارتی حکومت سے مساجد کے تحفظ کا بھی مطالبہ کرتی ہے اور بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتی ہے۔

او آئی سی نے اقوام متحدہ کے منشور اور متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں میں شامل قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا جن میں کسی امتیاز کے بغیر اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی ضمانت دی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اصولوں اور معاہدوں کے منافی کوئی بھی کارروائی مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے جس کے پورے خطے کی امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔