ن لیگ ڈرنے اور جھکنے والی نہیں، مریم اورنگزیب کا احسن اقبال کی گرفتاری  پر ردعمل

ن لیگ ڈرنے اور جھکنے والی نہیں، مریم اورنگزیب کا احسن اقبال کی گرفتاری  پر ردعمل
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ احسن اقبال کی گرفتاری سے ہماری جماعت کو نہ تو کوئی فرق پڑے گا اور نہ ہی ہم کسی قسم کے دباؤ میں آئینگے۔


تفصیلات کے مطابق ، مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احسن اقبال کی گرفتاری  پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  ن لیگ ڈرنے اور جھکنے والی نہیں ہے۔ نااہل اور جھوٹے سچے اور اہل نہیں ہو سکتے۔ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو سازشی ہی کہیں گے۔ ہم اسی طرح بولیں گے، جو کرنا ہے کرلیں۔

 اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ  میں نیب کے اس اقدام کی پرزور مذمت کرتی ہوں۔ احسن اقبال کی تین روز قبل ہی سرجری ہوئی تھی لیکن اس کے باوجود انھیں گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی منصوبے کی انکوائری ختم ہو چکی تھی، البتہ احسن اقبال نے اس منصوبے کی منظوری نہیں دی تھی۔ احسن اقبال سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھی ہیں جو ہمیشہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے اور دن رات محنت سے پاکستانی عوام کی خدمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک فنڈنگ سے پاکستان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے بیرون ملک سے فنڈنگ لی، اس پر ان کیخلاف آرٹیکل 6 لگنی چاہیے۔ وزیراعظم کی چھٹی ہونے والی ہے، وہ یہ تمام اقدامات ڈر اور خوف کی وجہ سے کر رہے ہیں۔