پی آئی اے کی پرواز برطانیہ سے پاکستانیوں کو لے آئی

پی آئی اے کی پرواز برطانیہ سے پاکستانیوں کو لے آئی
سورس: File photo

اسلام آباد ، پاکستان ائر لائنز کی خصوصی پرواز برطانیہ میں پھنسے پاکستانیو ں کو وطن لے آئی ۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 9702 مانچسٹر سے 248 شہریوں کولے کر اسلام آباد پہنچی ۔ اسلام آباد ائر پورٹ پر تمام مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کے نمونے  لے لئے ۔

یاد رہے کہ دوروزقبل پاکستان نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی ۔ 

دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانیہ سے پاکستان آنے والوں پر سفری پابندیوں میں نرمی کردی ہے ۔ سی اے اے کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بزنس ،وزٹ اور ٹرانزٹ ویزہ رکھنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹڈی، فیملی، ورک اور سیٹلمنٹ ویزا رکھنے والے ایسے پاکستانی  جن کا ویزا آئندہ تیس روز میں ختم ہورہا ہے ان کو بھی وطن واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

برطانیہ سے  پاکستان آنے والے ہر شخص کے لئے 72 گھنٹے پرانی منفی کورونا رپورٹ بھی لازم قرار دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ پاکستان واپس آنے والوں کو قرنطینہ میں بھی رہنا پڑے گا ۔ 

اس سے قبل فرانس ، جرمنی ،آئر لینڈ،اٹلی ،آسٹریلیا ،بیلجیم ،نیدر لینڈ،ہانگ کانگ ،بھارت ،ایران اور اسرائیل نے بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اب تک برطانیہ سمیت پانچ دیگر ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے ۔