سمت پٹیل پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی فتح کے خواہشمند

سمت پٹیل پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی فتح کے خواہشمند
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر سمت پٹیل پاکستا ن سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کو فاتح دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس بار سکواڈ میں کئی اچھے کرکٹرز شامل ہیں جبکہ نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی اپنے ساتھ نئی سوچ بھی لائیں گے۔ 
نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سمت پٹیل کا کہنا تھا کہ ہم اس بار پی ایس ایل 7کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرامید ہیں، لاہور قلندرز کے سکواڈ میں کئی اچھے کرکٹرز شامل ہیں اور اب صرف سخت محنت کی ضرورت باقی ہے۔ ٹیم کی قیادت اس بار نوجوان شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں اور وہ یقینا اپنے ساتھ نئی سوچ بھی لائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی باﺅلنگ لائن میں اتنی جان ہے کہ وہ فتوحات میں اہم کردار ادا کر سکے اور اگر بیٹنگ لائن بھی فارم میں رہی تو لاہور قلندرز کی ٹیم ایک خطرناک سائیڈ ثابت ہو گی اور دیگر ٹیموں کو سخت مقابلہ دے گی۔ 
اس موقع پر انہوں نے پی ایس ایل کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بہترین کرکٹرز ایکشن میں ہوتے ہیں اور اعلیٰ معیار کی مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے، پاکستان کے سینئر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ شعیب ملک اور وہاب ریاض میرے فیورٹ ہیں جبکہ پاکستان کا نیا ٹیلنٹ بھی ہمیشہ ہی متاثرکن ہوتا ہے۔