انڈر 19 ایشیاءکپ، افغان ٹیم 52 رنز پر ڈھیر، پاکستان کی 4 وکٹوں سے فتح

انڈر 19 ایشیاءکپ، افغان ٹیم 52 رنز پر ڈھیر، پاکستان کی 4 وکٹوں سے فتح
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیاءکپ کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا تو پاکستانی باؤلرز کی طوفانی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکے اور پوری ٹیم 23.1 اوورز میں صرف 52 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ ننگیالائی خان نے سب سے زیادہ 15 رنز بنائے اور 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے احمد خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 6 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ذیشان ضمیر اور اویس علی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ قاسم اکرم اور علی اسفند ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
قومی انڈر 19 ٹیم بھی ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تاہم اوپننگ کیلئے میدان میں آنے والے معاذ صداقت ڈٹے رہے اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروا دیا۔ انہوں نے 14 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور حسیب اللہ نے 11 رنز بنائے جبکہ عبدالواحد نے 9 رنز بنائے۔