شاہین شاہ آفریدی کو ابھی کپتانی قبول کرنے سے منع کیا تھا، شاہد آفریدی کا دلچسپ انکشاف

شاہین شاہ آفریدی کو ابھی کپتانی قبول کرنے سے منع کیا تھا، شاہد آفریدی کا دلچسپ انکشاف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے شاہین شاہ آفریدی کو ابھی کپتانی قبول کرنے سے منع کرتے ہوئے اپنی باؤلنگ پر توجہ دینے کو کہا تھا مگر وہ بھی آفریدی ، اس نے بھی نہیں سننی تھی۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم کو ایک ساتھ لے کر چلنا شاہین کیلئے بہت بڑی ذمہ داری ہوگی، مجھ سے اس حوالے سے بات ہوئی تھی تو میں نے مشورہ دیا تھا کہ ایک دو سال رک جاؤ اور فی الحال اپنی تمام تر توجہ باؤلنگ پر ہی مرکوز رکھو اور تھوڑا سا اور کھیلو۔
شاہد خان آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا لیکن وہ بھی آفریدی ہے، اس نے بھی نہیں سننی تھی، یہ شاہین کا اپنا فیصلہ ہے، اچھی بات ہے ایک کھلاڑی کو پر اعتماد انداز میں اپنے فیصلے لینے چاہئیں۔ یہ سیکھنے کا عمل ہے، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے ترقی ملے اور ہر کھلاڑی اپنی فرنچائز یا قومی سطح پر ٹیم کی قیادت کرنا چاہتا ہے۔ 
اس موقع پر انہوں نے بابراعظم کی کپتانی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ابتداءمیں بابراعظم کو کپتان بنانے کے حق میں نہیں تھا لیکن اس نے مجھے غلط ثابت کر دیا ہے۔ بابراعظم بطور کپتان سیکھ گیا ہے اور اس میں ایک ایسے لیڈر کی جھلک نظر آ رہی ہے جو ٹیم کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کو ساتویں ایڈیشن کیلئے فرنچائز کا کپتان مقرر کیا ہے اور ماہرین، شائقین اور شاہین شاہ آفریدی کے مداح اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔