پی ایس ایل 3:پہلے میچ میں ملتان سلطانز فاتح، پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست

پی ایس ایل 3:پہلے میچ میں ملتان سلطانز فاتح، پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں شامل نئی ٹیم ملتان سلطانز نے اپنے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ تھری کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے سابق چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے سلطانز کو جیت کیلئے 152 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جو اس نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور کمارا سنگاکارا میدان میں اترے لیکن سکور ابھی 7 تک ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے اپنا کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد کمارا سنگاکارا کا ساتھ دینے صہیب مقصود میدان میں اترے لیکن کرکٹ شائقین کو اپنے بلے کا جادو نہ دکھا سکے۔ صہیب مقصود نے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ شعیب ملک اور کمارا سنگاکارا کی جوڑی کی مدد سے ملتان سلطانز نے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنائے۔ بعد ازاں دونوں کھلاڑیوں نے تیرہ اعشاریہ پانچ اوورز میں ٹیم کا سکور 100 سے زائد رنز تک پہنچا دیا۔

ٹیم کا سکور 106 تک پہنچا تو کمارا سنگاکارا وکٹوں کے پیچھے اپنا کیچ دے بیٹھے۔ لیجنڈ بلے باز نے اپنی بیٹںگ سے شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔ انہوں نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جیت میں کپتان شعیب ملک نے اہم کردار ادا کیا اور اپنی تجربہ کاری سے ٹیم کو پی ایس ایل تھری کے پہلے میچ کا فاتح بنا دیا۔ آخری اوور میں ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 6 رنز درکار تھے تاہم شعیب ملک نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چھکا کر ٹیم کو 7 وکٹوں سے جتا دیا۔ ملتان سلطانز نے انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں مقررہ ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ شعیب ملک نے ناٹ آؤٹ اننگز کھیلتے ہوئے دو چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد اصغر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور تمیم اقبال میدان میں اترے۔ دونوں کھلاڑیوں نے سہیل تنویر کے پہلے اوور میں صرف ایک رن بنایا۔ اننگز کا دوسرا اوور محمد عرفان کے حصے میں آیا۔ میچ کی صورتحال اس وقت دلچسپ ہو گئی جب تمیم اقبال کو ایمپائر نے کیچ آؤٹ قرار دیا لیکن ریویو میں تھرڈ ایمپائر نے انھیں ناٹ آؤٹ قرار دیدیا، لیکن اسی اوور کے چوتھے گیند پر کامران اکمل ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنا کیچ دے بیٹھے۔ کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ اس وقت پشاور زلمی کا سکور صرف چار تھا۔