شیخ رشید نے سینیٹ فارم میں تبدیلیاں چیلنج کر دیں

شیخ رشید نے سینیٹ فارم میں تبدیلیاں چیلنج کر دیں

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ شیخ رشید نے الیکشن ایکٹ2017 میں امیدواروں کے متعلق معلومات کم طلب کرنے کی شقیں چیلنج کی ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانونی جنگ جیت چکے ہیں اس قوم کی بد نصیبی ہے کہ سیاسی پارٹیاں صرف ٹی وی ٹی وی کھیلتی ہیں اور اپنی آئینی ذمہ داریاں نہیں سمجھتیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انیس پوائنٹ سینیٹ کے فارم سے نکال دیئے گئے ہیں جس میں نیشنیلٹی بھی شامل ہے۔ نکالے گئے پوائنٹ کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ہم الیکشن روکنے کی بات نہیں کر رہے ہم یہ استدعا لے کر آئے ہیں کہ لوگوں کو معلومات ہونی چائیں اور سارے فارم ساری سیاسی پارٹیوں نے مل کر بدلے ہیں۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ختم نبوت کے معاملے پر بھی سب اندر سے ملے ہوئے تھے جبکہ دینی فورسز بھی ملی ہوئی تھیں۔ صرف عوامی مسلم لیگ اور شیخ رشید نے معاملہ اٹھا یا۔ آج بھی ہم فارم قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں اور اب فیصلہ قوم نے کرنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں