ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنگلات کی رائلٹی براہ راست خواتین کو دی جا رہی ہے:عمران خان

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنگلات کی رائلٹی براہ راست خواتین کو دی جا رہی ہے:عمران خان

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنگلات کی رائلٹی براہ راست خواتین کو دی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ خو اتین کو با اختیار بنانے میں پختونخوادیگر صوبوں سے کہیں آگے ہے اوررائلٹی خواتین کو دینے کا آغاز چترال سے کیا گیا ہے جبکہ عنقریب مالا کنڈ میں بھی دی جائے گی ۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ چترال کے سب ڈویژن دروش میں اب تک ہر گھر کے صرف مردوں کو جنگلات کی رائلٹی میں حصہ دیا جاتا تھا ۔اس سلسلے میں ضلع چترال میں انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور مقامی حکومتوں کی خواتین کونسلرز کے درمیان اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جس میں خواتین کو رائلٹی میں حصہ دار بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف مرد حضرات پر مشتمل ایک گھرانے کو لگ بھگ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے ملتے تھے، اس میں خواتین شامل نہیں تھیں لیکن اب خواتین کو شامل کرنے کے بعد دوبارہ سے تقسیم کا عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلعی انتظامیہ کے پاس تقریباً ساڑھے گیارہ کروڑ روپے پڑے ہیں جو ان لوگوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔

cf6597b4745a76f2acbe4e78a2d9f8c5