امریکا سمیت 6 دفاعی اتاشیوں کا راولا کوٹ ایل او سی کا دورہ

امریکا سمیت 6 دفاعی اتاشیوں کا راولا کوٹ ایل او سی کا دورہ

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول کے راولا کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔ جن ممالک کے اتاشیوں نے ایل او سی کا دورہ کیا ان میں امریکا، برطانیہ، چین، فرانس، ترکی اور انڈونیشیا شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حکام نے دفاعی اتاشیوں کو بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی اور سیز فائر کی خلاف ورزی کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

دفاعی اتاشیوں نے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے متاثرین سے بات چیت کی اور پاک فوج کی جانب سے ایل او سی پر رہائش پزیر آبادی کی مدد کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی۔

یاد رہے آج بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص انضمام ولد محمد امین شہید ہو گیا ہے، پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کرنے والی بھارتی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کی بھارت میں مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کئی گنا بڑھ گئی ہے اور اس کے نتیجے میں اب تک درجنوں فوجی اہلکار اور سیکڑوں بے گناہ شہری شہید ہو چکے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں