تحریک چلانے والا زرداری کا فیوز ہی اڑا ہوا ہے، شیخ رشید

تحریک چلانے والا زرداری کا فیوز ہی اڑا ہوا ہے، شیخ رشید
اگر بھارت نے حملہ کیا تو یکمشت تمام قرضے چکا دیں گے، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور: پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ ریلوے کی تمام اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا ہے۔ اب موبائل فون پر دیکھا جا سکے گا کس نے کرایہ دیا کس نے نہیں۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اخراجات کم کر کے 2.4 ارب روپے کمائے ہیں اور ملک میں مزید فریٹ اور مسافر ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی نان اسٹاپ ٹرین جناح ایکسپریس چلائی جائے گی جو وی آئی پی ہو گی۔

سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے جبکہ ان کا پاس ورڈ گم ہوچکا ہے۔

اس موقع پر شیخ رشید نے آغا سراج درانی کی گرفتاری کی بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی گرفتاری کا بول گئے تاہم صحافی کے بتانے پر انہوں نے تصحیح کی اور کہا کہ سراج درانی کی گرفتاری پر سندھ میں ایک مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کی بات کرتے نہیں دیکھا اور نوازشریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہو جاتے ہیں۔ نواز شریف کو کھلی ہوا چاہیے اور لال حویلی کی چھت کھلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو ایسی ایسی بیماری نکلتی ہے جس کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں صرف برطانیہ میں ہی ہوتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ان لوگوں نے چالیس سال ملک پر قبضہ کیے رکھا اور عجیب فیشن ہے زرداری کہتے ہیں میرا کیس کراچی میں چلاؤ اور نواز شریف کہتے ہیں لاہور میں چلاؤ اس کے پیچھے کچھ تو وجہ ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں میرا کوئی مخالف نہیں اور عمران خان میرا بھائی ہے اور پی ٹی آئی والے بچے ہیں جبکہ صرف عمران ہی پی ٹی آئی ہے۔

وزیر ریلوے نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر ہوں جس کا نوٹی فکیشن جاری ہو چکا ہے اور جس دن چاہوں گا پی اے سی میں چلا جاؤں گا۔

پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مودی آر ایس ایس کا شوٹر ہے اور وہ چار ریاستوں میں الیکشن ہارنے کے بعد پاکستان سے پنگا لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ مودی نے 70 فیصد تک جنگ کے چانس پیدا کیے ہیں اگر بھارت نے حملہ کیا تو یکمشت تمام قرضے چکا دیں گے۔