بھارت مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے، فردوس عاشق

بھارت مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے، فردوس عاشق

سیالکوٹ:معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23 فروری، یوم مزاحمت نسواں کشمیر اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے۔ بھارتی قابض افواج نے نہتی، بے گناہ اور بے یار و مدد گارخواتین کی اجتماعی بےحرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔

بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے بھارتی ظلم وجبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔معاون خصوصی نے کہا ہے کہ کشمیر کی ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا۔ ان ماں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وار دئیے، بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے۔ کوئی جبر و استبداد انہیں حق خودارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے۔

بھارتی مرد وخواتین سڑکوں پر احتجاجا موجود ہیں شاہین باغ کا احتجاج 60 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے جہاں ہزاروں خواتین مودی کے کالے امتیازی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔