اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دےدی

 اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دےدی

لاہور:اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ 2020 میں پہلی فتح حاصل کرلی، تیسرے روز کے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں شاداب خان نے ٹاس جیتا اور گزشتہ روز لاہور قلندرز کو اسی میدان میں شکست دینے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور جیمز وِنس نے کیا، 41 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 21 رنز بنانے کے بعد کیچ آﺅٹ ہوئے۔اس کے بعد معین علی کریز پر آئے جنہوں نے جیمز ونس کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 10ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر وہ بھی ہمت ہار گئے اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آﺅٹ ہوئے، انہوں نے 10 رنز بنائے تھے۔

عماد بٹ کے اسی اوور میں رلی روسوو اپنی پہلی ہی گیند پر اسی پوزیشن پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو کر پویلین لوٹے۔جیمز وِنس بھی 31 گیندوں میں 42 رنز بنانے کے بعد عماد بٹ کا شکار بن گئے، اس وقت سلطانز کا مجموعی اسکور 87 رنز تھا۔

ملتان سلطانز کا وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 111 کے مجموعے پر خوشدل شاہ بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوگئے۔اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھوٹی چھوٹی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔135 کے مجموعے پر شاہد آفریدی 7 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ 10 بنانے کے بعد سہیل تنویر پویلین لوٹے۔

ملتان سلطانز نے ذیشان اشرف کی 4 چوکوں اور 3 چھکوں سے مزین 50 رنز کی شاندار اننگز کے باعث مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کی، فہیم اشرف نے 2، عاکف جاوید اور موسی خان نے ایک،ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

رونکی اور کولن منرو نے اسلام آباد کے لیے جارحانہ آغاز کیا اور ٹیم کی نصف سنچری پانچویں اوور میں ہی مکمل کرلی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 92 رنز کا بنائے۔

کولن منرو نے 32 گیندوں پر شان دار 50 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے تاہم انہیں شاہد آفریدی نے دسویں اوور میں آﺅٹ کیا لیکن رونکی نے اسی رفتار سے بیٹنگ جاری رکھی اور 30 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ڈیوڈ ملان نے رونکی کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف سنچری شراکت کی گوکہ اس دوران دونوں بلے بازوں کو چانس بھی ملے لیکن رنز بنانے کی رفتار کو کہیں گرنے نہیں دیا۔رونکی نے 74 رنز کی شان دار اننگز کھیلی لیکن ایک ایسے وقت میں کیچ آﺅٹ ہوئے جب جیت کے لیے محض 2 رنز درکار تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا۔