عالمی وبا کی شدت میں کمی، برطانیہ نے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کردیا

Corona virus: UK announces phased reduction in lockdown
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: یورپ کے اہم ملک برطانیہ نے عالمی وبا کی شدت میں کمی کے بعد پورے ملک میں لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں عائد لاک ڈاؤن کو چار مراحل میں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں سے ہر مرحلے کی مدت پانچ ہفتے ہوگی جبکہ رواں سال اکیس جون تک شہریوں پر عائد تمام پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو ہٹا لیا جائے گا۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ان میں سے بھی پہلے مرحلے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سب سے پہلے تمام سکولوں کو آئندہ ماہ آٹھ مارچ سے دوبارہ کھول دیا جائے گا، تاہم کچھ تعلیمی اداروں کی بندش ٹیسٹ میں تاخیر کی وجہ سے جاری رہ سکتی ہے، طلبہ کو باہر کھیلنے کی بھی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ دو افراد کو بھی مل کر ساتھ چلنے اور پکنک منانے کی اجازت ہوگی۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ اس کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا۔ اس تاریخ سے 6 افراد کو باہر ملنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ کھیلوں کی دیگر سرگرمیوں کو بھی کھول دیا جائے گا۔

برطانوی وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں سال 12 اپریل سے لوگ ایک دوسرے کے گھر دعوت کیلئے آ جا سکیں گے جبکہ جم، ہیئر ڈریسرز اور دیگر دکانوں کو بھی کھولنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ اس کے بعد 17 مئی سے ملک بھر میں موجود تمام سینما ہالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔