عوام کا پیسہ ذاتی انا کی جنگ پر خرچ کرنے والوں کا احتساب باقی ہے ، مریم نواز

عوام کا پیسہ ذاتی انا کی جنگ پر خرچ کرنے والوں کا احتساب باقی ہے ، مریم نواز
سورس: File photo

لاہور،مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ ذاتی انا کی جنگ میں جھونکنے والوں کا احتساب باقی ہے ۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ ‏نواز شریف کے دشمنوں کو پھر ذلت آمیزشکست ہوئی، کرپشن پکڑنے گئے تھے لیکن 45 لاکھ دے کر جان چھڑوائی، نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں اور اللہ اپنے بندوں کی حفاظت خود کرتا ہے، عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھی جرمانے ادا کرنے ہوں گے جو خزانے سے نہیں ذاتی جیبوں سے نکلوائے جائیں گے۔

 مریم نواز نے  کہا کہ ‏براڈشیٹ تو اپنے جھوٹے الزامات پر عدالت میں عزت افزائی کروا چکی ہے مگر ابھی ان لوگوں کا احتساب باقی ہے جو پاکستانی عوام کا پیسہ اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکتے رہے، جو چھپ چھپ کہ براڈشیٹ والوں کو ملتے تھے اور اپنا حصہ مانگتے تھے تاہم اب سب حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ کو لندن فلیٹس کے بارے میں سوال اٹھانے اور پھر عدالت سے بھاگ جانے پر نواز شریف کے وکلاء کو 45 لاکھ روپے ادا کرنے پڑے، جھوٹ اور فریب کے کھیل میں اسی طرح لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں۔