پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے، پشاور زلمی کے ٹام کوہلر کیڈمور نے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور امام الحق نے 48 رنز بنائے جبکہ حیدر علی نے دھواں دار 25  رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے امام الحق اور کامران اکمل نے ملتان سلطانز کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا پراعتماد آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر کامران اکمل عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ ابتدائی نقصان کے بعد امام الحق اور ٹام کوہلر کیڈمور نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ہدف کے تعاقب میں پیش قدمی جاری رکھی اور دوسری وکٹ پر 76 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 134 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر امام الحق رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 39 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ 
پشاور کی تیسری وکٹ 153 رنز پر گری اور شرفین ردرفورڈ 15 رنز بنا کر شاہنواز ڈھانی کی گیند پر بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں محض 7 رنز کے اضافے کے بعد عمدہ سنچری سکور کرنے والے ٹام کیڈمور بھی شاہنواز دھانی کا شکار بن گئے اور سہیل تنویر نے ان کا کیچ پکڑا، وہ 32 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ نوجوان بلے باز حیدر علی نے سنسنی خیز صورتحال میں جارحانہ مگر ذمہ داری سے 8 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا جبکہ شعیب ملک نے 10 رنز بنائے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عثمان قادر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 42 رنز دئیے۔ 

قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے جیمز وینس اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر  193 رنز بنائے۔ ملتان کی جانب سے محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا مگر صرف 6  کے مجموعی سکور پر کرس لین محمد عرفان کی گیند پر حیدر علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد محمد رضوان اور جیمز وینس نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 82 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 88 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر محمد رضوان محمد عمران کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ 

جیمز وینس نے پشاور زلمی کے کسی باؤلر کی ایک بھی نہ چلنے دی اور ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور صہیب مقصود کیساتھ مل کر تیسری وکٹ میں 71 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے مجموعی سکور 159 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر صہیب مقصود 36 رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔ ملتان سلطانز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیمز وینس تھے جنہوں نے جارحانہ اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے اور ثاقب محمود کی گیند پر محمد عرفان نے ان کا کیچ پکڑا۔ 

 پشاور زلمی کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا تاہم ثاقب محمود نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کپتان وہاب ریاض سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 51 رنز دئیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ مجیب الرحمان نے 40 اور محمد عرفان نے 41 رنز دئیے۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، ٹام کیڈمور کوہلر، شرفین ردرفورڈ، مجیب الرحمان، ثاقب محمود، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔ 

 ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، ریلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد خان آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل تنویر، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔