وزیراعظم عمران خان کی سری لنکا آمد پر مقامی مسلمانوں کا احتجاج

وزیراعظم عمران خان کی سری لنکا آمد پر مقامی مسلمانوں کا احتجاج
سورس: File photo

کولمبو، وزیراعظم عمران خان کی سری لنکا آمد کے موقع پر مقامی مسلمانوں کا احتجاج ۔ 

وزیراعظم عمران خان جب دو روزہ دورے پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچے تو   ان کا استقبال سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے کیا۔ جبکہ دوسری طرف مقامی مسلمانوں نے عمران خان کی سری لنکا آمد پر اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کیا ۔ 

مقامی مسلمانوں کی جانب سے سری لنکن حکومت کی کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔احتجاج کے موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ ’وزیراعظم کے بیان کو عزت دو‘۔ 

 خیال رہے کہ 10 فروری کو سری لنکا کے وزیراعظم راجا پاکسے نے کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرکے ان کے فیصلے کو سراہا تھا تاہم بعد ازاں حکام نے کہا تھا کہ کورونا سے ہلاک افراد کی میتوں کو جلانے کی پالیسی جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ مقامی مسلمان کورونا سے جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی حکومتی پالیسی کے خلاف کئی کافی عرصے سے احتجاج کررہے ہیں۔ 

 سری لنکا میں کورونا سے ہلاک افراد کی میتوں کو جلانے کی پالیسی ہے تاہم مذہب اسلام میں مردے کو دفنایا جاتا ہے اور مسلم شخص کی میت کو جلانے سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہورہے ہیں۔

مقامی مسلمانوں کا مطالبہ ہے کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والوں مسلمانوں کی میت ہمارے حوالے کی جائیں تاکہ ان کی مذہبی طریقے سے تجہیزو تدفین کی جائے۔