شان ٹیٹ والد کے انتقال کے باعث پاکستان نہ پہنچ سکے

شان ٹیٹ والد کے انتقال کے باعث پاکستان نہ پہنچ سکے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نو منتخب باﺅلنگ کوچ شاٹ ٹیٹ والد کے انتقال کے باعث پاکستان نہیں پہنچ سکے جس کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی کر دی ہے۔ 
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں شان ٹیٹ کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وجہ سے ان کی پاکستان آمد تاخیر کاشکار ہے جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل سفری دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث ان کی پاکستان آمد تاخیر کا شکار ہوئی تھی جنہیں ایک سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کرنے کیساتھ ہی شان ٹیٹ کو باؤلنگ کوچ مقرر کئے جانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ 
یاد رہے کہ پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق بلے باز محمد یوسف کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے جبکہ ثقلین مشتاق ایک سال تک ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں