ملتان سلطانز کے جارح مزاج آل راؤنڈر ٹم ڈیوڈ کورونا وائرس کا شکار

ملتان سلطانز کے جارح مزاج آل راؤنڈر ٹم ڈیوڈ کورونا وائرس کا شکار

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر ٹم ڈیوڈ کوالیفائر جیسے اہم میچ سے قبل کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپین ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز کیخلاف آج شیڈول کوالیفائر میچ سے قبل زوردار جھٹکا لگا ہے جس کے جارح مزاج آل راؤنڈر ٹم ڈیوڈ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ٹیم ڈیوڈ پورے ایونٹ میں ہی اچھی کارکردگی دکھاتے آئے ہیں اور ملتان سلطانز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے معمول کے پی سی آر ٹیسٹ لئے گئے تو اس دوران ٹم ڈیوڈ کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تاہم ملتان سلطانز کی انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید کی جا رہی ہے۔ 
دوسری جانب پشاور زلمی کے چند اہم کھلاڑی بھی ایلی منیٹر میچ سے قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کی معمول کی پی سی آر ٹیسٹنگ کی گئی تو لیگ سپنر عثمان قادر، فاسٹ باؤلر سہیل خان، ٹیم مینٹور ہاشم آملہ اور غیر ملکی آل راؤنڈر بین کٹنگ کی رپورٹس مثبت آئیں۔ 
ان کھلاڑیوں کے علاوہ سٹاف ارکان کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کویڈ پروٹوکولز کے تحت ان تمام افراد کو 7 روز تک قرنطینہ ختیار کر نا ہو گا۔ 
مذکورہ کھلاڑیوں کی جانب سے 7 روز قرنطینہ اختیار کرنے کا مطلب ہے کہ یہ تمام افراد پلے آف مرحلے میں شریک نہیں ہو سکیں گے تاہم اگر پشاور زلمی کی ٹیم فائنل میں پہنچ جاتی ہے اور ان افراد کے قرنطینہ کی مدت پوری ہونے پر ٹیسٹ رپورٹس منفی آ جاتی ہے تو پھر ان کی شرکت کے امکانات ہیں۔