کوئی کچھ بھی کہے، آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، آصف زرداری کا شہباز شریف سے مکالمہ

کوئی کچھ بھی کہے، آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، آصف زرداری کا شہباز شریف سے مکالمہ

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے کہا ہے کہ کوئی کچھ بھی کہے آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اکرم درانی، مولانا اسدالرحمن اور مولانا امجد سمیت دیگر افراد پر مشتمل وفد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچا۔ 
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری بھی وفد کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، ان کے وفد میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی سمیت دیگر شامل تھے۔ 
ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی آمد سے قبل مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں شہبازشریف نے سربراہ پی ڈی ایم کو گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات میں اعتماد میں لیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے تحریک عدم اعتماد سمیت حکومت کے خلاف مختلف امور پر غور کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قائدین کی ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اہم فیصلے کر لئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تجویز دی کہ پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ سے پہلے عدم اعتماد نہ لائی جائے، بلکہ 8 مارچ کو لانگ مارچ کے اختتامی جلسے کے بعد عدم اعتماد لائی جائے، لانگ مارچ میں حکومت کے خلاف عوامی جذبات ایک واضح پیغام ہو گا۔ 
بلاول بھٹو کی تجویز پر شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بھی لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، اس لئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا الرحمن سے بھی اس ضمن میں مشاورت ضروری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے ملاقات کے دوران شہبازشریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔

مصنف کے بارے میں