آئین کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے، سنگین حالات ہوں تو انتخابات میں تاخیر ہوسکتی ہے: چیف جسٹس ،سماعت کل تک ملتوی

آئین کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے، سنگین حالات ہوں تو انتخابات میں تاخیر ہوسکتی ہے: چیف جسٹس ،سماعت کل تک ملتوی
سورس: File

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے حوالے سے تنازع پر لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔ چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹس جنرل ، اٹارنی جنرل ، الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس عمر بندیال نے کہا ہے کہ کل بھی سماعت ہوگی ۔ تیاری کے لیے وقت دیں گے ۔ سپریم کورٹ آئین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی، ‏انتہائی سنگین حالات ہوں تو انتخابات کا مزید وقت بڑھ سکتا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پنجاب اور خیبرپختون میں انتخابات پر از خود نوٹس کیس کی سماعت نو رکنی لارجر بینچ نے کی۔ بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال خان مندوخیل شامل تھے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کو تین معاملات سننے ہیں، صدر پاکستان نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، عدالت کے پاس وقت کم ہے۔

بیرسٹر علی ظفر روسٹرم پر آگٸے اور کہا کہ ہم صدر پاکستان سے متعلق چیزیں ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ دو درخواستیں ہیں وہ اب آؤٹ ڈیٹ ہوچکی ہیں  اس پر وضاحت کی ضرورت ہے،20 فروری کو صدر کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد صورتحال بدل گئی، کچھ سوال دونو ں اسمبلی کے اسپیکرز نے اپنی درخواستوں میں شامل کیے ہیں، سپریم کورٹ نے صرف آئینی نکتہ دیکھنا ہے اور اس پر عم لدرآمد کرانا ہے۔

اٹارنی جنرل نے کیس کے لیے وقت دینے کی استدعا کی اور کہا کہ اتنے لوگوں کو نوٹس ہوگا تو کل کے لیے تیاری مشکل ہوپائے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کل ہم صرف چند ضروری باتوں تک محدود رہیں گے، کیس کی تفصیلی سماعت پیر کو کریں گے، ‏آرٹیکل 224 کہتا ہے 90 روز میں انتخابات ہوں گے، ‏وقت جلدی سے گزر رہا ہے، ہائیکورٹ میں معاملہ زیر التوا تھا مگر کوئی فیصلہ نہیں ہو پارہا تھا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ‏وقت کی کمی کی وجہ سے زیادہ طویل سماعت نہیں کرسکتے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ‏ہمارے سامنے ہائیکورٹ کا 10 فروری کا آرڈر تھا، ہمارے سامنے بہت سے فیکٹرز تھے جن کی بنیاد پر از خود نوٹس لیا، ہائیکورٹ میں طویل کارروائی چل رہی ہے اور وقت گزرتا جار ہا ہے۔ اس پر جسٹس جمال نے کہا کہ از خود نوٹس پر تحفظات ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ از خود نوٹس بعد میں لیا پہلے اسپیکرز کی درخواستیں دائر ہوئیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سیکشن 57 انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے ہے، بہت سے نئے نکات آگئے ہیں جن کی تشریح ضروری ہے، سپریم کورٹ آئین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی، ‏انتہائی سنگین حالات ہوں تو انتخابات کا مزید وقت بڑھ سکتا ہے، ہمیں آئین کو دیکھنا ہے اس پر عمل درآمد ہورہا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ ‏ہمارے سامنے دو درخواستیں تھیں اور سمپل تھا کہ وہ سنتے، ہم آٸین پر عمل درآمد چاہتے ہیں ، سپریم کورٹ آٸین کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کرے گا، دو درخواستیں ہیں وہ اب آوٹ ڈیٹ ہوگئی ہیں اور اس پر وضاحت کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 20 فروری کو صدر کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد صورتحال بدل گئی، کچھ سوال دونو ں اسمبلی کے اسپیکرز نے اپنی درخواستوں میں شامل کیے ہیں، سپریم کورٹ نے صرف آئینی نکتہ دیکھنا ہے اور اس پر عملدرآمد کرانا ہے، انتحابات کا ایشو وضاحت طلب ہے ہم ارادہ رکھتے ہیں آپ سب کو سنیں، ہم نے آئندہ ہفتے کا شیڈول منسوخ کیا ہے تاکہ یہ کیس چلا سکیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کے سامنے آئینی سوالات ہیں، ایڈوکیٹ جنرل کو نوٹس کیا جائے، سیاسی جماعتوں کو بھی نوٹس کیا جائے، پاکستان بار کونسل کو بھی نوٹس کیا جائے۔