الیکشن سے بھاگ نہیں رہے بلکہ چاہتے ہیں تمام الیکشن اکٹھے ہوں: وزیر داخلہ

الیکشن سے بھاگ نہیں رہے بلکہ چاہتے ہیں تمام الیکشن اکٹھے ہوں: وزیر داخلہ

سرگودھا: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) الیکشن سے بھاگ نہیں رہی بلکہ چاہتی ہے کہ تمام انتخابات ایک ساتھ ہوں، فتنہ خان انتخابات میں ہارے گا اور پھر لانگ مارچ کرے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق رانا ثنااللہ نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کارکنان اور سینئر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی الیکشن مہم کا آغاز کر چکی ہے، مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام میں جانے سے کبھی نہیں گھبرائی بلکہ چاہتی ہے کہ سارے الیکشن اکٹھے ہوں، واضح کرتے ہیں کہ ہم الیکشن سے نہیں بھاگتے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے، اگر عدالتیں ایک فرد واحد کا 4، 4دن انتظار کر کے بلائے اور وہ کہے کہ میں فلاں دن آؤں گا، تو کیا یہ عدالت کی توہین نہیں ہو گی، ہم ہر معاملے پر عدلیہ کی عزت چاہتے ہیں اور عدلیہ کے احترام میں کمی نہیں ہونے دیں گے، فتنہ خان ان الیکشنوں میں ہارے گا اور پھر عمران خان لانگ مارچ کرے گا۔ 
وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ خان کی وجہ سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے اور معیشت تباہ ہو چکی ہے، فتنہ خان نے ملک کا بھٹہ بٹھا دیا ہے، میاں نوازشریف نے 90کی دہائی میں بھی ملک کو ترقی دی اور دنیا نے دیکھا 1999ءمیں پاکستان ایٹمی قوت بنا، سازش کے تحت گھڑی چور کو ملک پر مسلط کیا گیا، میاں نوازشریف پاکستان آرہا ہے ہماری مشکلات کا خاتمہ ہوا۔ 

مصنف کے بارے میں