اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے کپتان بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ 
کپتان بابراعظم نے 58 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے جبکہ محمد حارث نے 21 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 3، ٹام کوہلر کیڈمور 1، جیمی نیشام 6، داسون شناکا 11، وہاب ریاض 8 اور عثمان قادر 7 رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 35 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رومان رئیس، فہیم اشرف، شاداب خان اور مبصر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں اسلام یونائیٹڈ کے بلے بازوں بالخصوص رحمن اللہ گرباز اور ریسی وینڈر ڈوسن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 14.5 اوورز میں ہی اپنی ٹیم کو جیت دلا دی ۔ 
رحمن اللہ گرباز نے 31 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ریسی وینڈر ڈوسن نے 29 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں کولن منرو 9، شاداب خان 3، آصف علی 29 اور اعظم خان 9 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے تمام باؤلرز ہی خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ارشاد اقبال، جیمی نیشام اور عثمان قادر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، جیمی نیشام، داسون شناکا، وہاب ریاض، سفیان مقیم، عثمان قادر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، رحمن اللہ گرباز، ریسی وینڈر ڈوسن، اعظم خان، آصف علی، مبصر خان، فہیم اشرف، ٹام کیورن، حسن علی اور رومان رئیس شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں