آج نواز شریف کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ، فاٹا کو کے پی میں ضم کیا جائے:عمران خان

آج نواز شریف کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ، فاٹا کو کے پی میں ضم کیا جائے:عمران خان

کراچی : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ، پنجاب اور سندھ میں کرپشن بے نقاب کرنے کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں کرپشن کا ڈیٹا اکٹھے کرنے کیلئے ہم کمیٹی بنا رہے ہیں جس میں ماہرین کو شامل کیا جائے گا ، اورنج ٹرین کو دو سو ارب روپے سے بنایا جا رہا ہے لیکن معاہدے کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جو کسانوں پر ظلم کیا جا رہا ہے اس کو ختم کریں گے ، گنے کی قیمت ایک سو اسی روپے مقرر کریں گے ، فاٹا کو فوری طور پر کے پی کے میں ضم کیا جائے۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں ، نقیب اللہ محسود اور دیگر پولیس مقابلوں سے ثابت ہوا کہ ہماری پولیس سیاسی ہے ، سیاستدانوں نے پولیس کو کرپٹ بنا دیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے پولیس ریفارمز کی ہیں جس سے لوگوں کو انصاف ملا ہے ، کے پی میں لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہوا ہے ، نیب پنجاب کے میگا پراجیکٹس کی تحقیقات کرے۔

انھوں نے کہا کہ شیخ رشید مجھ سے زیادہ تجربہ کار سیاستدان ہیں ، ان کی مشاورت سے استعفوں کا آپشن استعمال کریں گے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا استعفیٰ مجھے مل گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ، شہباز شریف کا ایک دھیلہ کتنے ارب کے برابر ہے ؟

ایک تیتس لاکھ روپے کے فلیٹ پر میں نے پورے ایک سال سپریم کورٹ کے سوالوں کے جوابات دیئے اور چونتیس کاغذات جمع کرائے ، اگر شریف خاندان کو سزا ہوگئی تو اربوں روپے منجمد ہو جائیں گے۔