ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم

ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم
کیپشن: ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہو گی، عدالت۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: کسٹم کی خصوصی عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ایان علی کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنےکی درخواستیں مسترد کردیں۔

اس کے ساتھ ہی خصوصی عدالت نے ملزمہ ایان علی کو آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے اور ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہو گی۔

خصوصی عدالت نے گواہان کو بھی نوٹس جاری کر کے کرنسی اسمگلنگ کیس کی آئندہ سماعت 15 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی۔