پاک فضائیہ کا طیارہ مستونگ میں گر کر تباہ، پائلٹ شہید

پاک فضائیہ کا طیارہ مستونگ میں گر کر تباہ، پائلٹ شہید
کیپشن: حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے ایئر ہیڈ کوارٹر میں بورڈ آف انکوائری قائم کر دی گئی، ترجمان پاک فضائیہ۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب/ نیو نیوز

مستونگ: پاک فضائیہ کا طیارہ مستونگ میں گر کر تباہ   ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ شہید ہو گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ ایف سیون پی جی معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے ایئر ہیڈ کوارٹر میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دیا گیا ہے۔ 

ڈپٹی کمشنر مستونگ ممتاز کھیتران کے مطابق کھڈ کوچہ کےعلاقے سے ایک پیرا شوٹ بھی ملا ہے۔

خیال رہے گزشتہ سال 26 جون کو پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ پشاور ایئربیس پر کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ شہید ہو گئے تھے۔

 10 نومبر 2018 کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ایئر پورٹ پر حادثہ پیش آیا تھا اور طیارہ رن وے سے اتر کر کچی زمین پر پہنچ گیا تھا۔

9 مئی 2018 کو سرگودھا کے نواحی گاؤں 86 شمالی کے قریب پاک فضائیہ کا ڈرون طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا ۔ ایک دن قبل 8 مئی کو لاہور کے علاقے گارڈن ٹاﺅن کے علاقے میں چھوٹا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارہ نچلی پرواز کر رہا تھا اور جیسے ہی کلمہ چوک کے قریب پہنچا تھا تو اس میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔

پائلٹس نے برکت مارکیٹ کے قریب 2 سے 3 کنال کے رقبے پر مشتمل گھر کا بڑا لان دیکھ کر وہاں طیارے کو اتارنے کی کوشش کی لیکن طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا تھا۔

2016 میں بھی والٹن ایئر پورٹ پر تریبتی طیارے کو رن وے پر لایا جا رہا تھا کہ اس دوران طیارے کا اگلا ٹائر نکل گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا تاہم واقعے میں پائلٹ اور کو پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

23 فروری 2012 کو بھی لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس سے خاتون پائلٹ سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔