قیصر امین بٹ کو رہا کرنے کا حکم

قیصر امین بٹ کو رہا کرنے کا حکم
کیپشن: قیصر امین بٹ پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کرتے رہے ہیں۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سعد رفیق کیخلاف پیرا گون کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی جس پر عدالت نے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور ان کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں۔

قیصر امین کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب پراسیکیوٹر گارنٹی کیلئے قیصر امین بٹ کا نام ای سی ایل میں ڈلوا سکتے ہیں۔ دونوں وکلا کا موقف سننے کے بعد عدالت نے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

نیب نے پیراگون ہاوسنگ سکنیڈل کی تحقیقات کیلئے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو حراست میں لے رکھا ہے۔ قیصر امین بٹ پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کرتے رہے ہیں جس پر ان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔