امریکی صدر کی بیٹی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

امریکی صدر کی بیٹی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات
کیپشن: ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی موجود تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

ڈیووس: وزیر اعظم عمران خان سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے 3 روزہ دورے پر ڈیووس میں موجود ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس سے خطاب کیا اور سیشن میں سوالوں کے جوابات بھی دیے۔ دورے کے دوسرے روز وزیراعظم نے مختلف ممالک کے سربراہان مملکت، عالمی اداروں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی و مشیر ایوانکا ٹرمپ سے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔ غیر رسمی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے اردن کے وزیراعظم عمر رزاق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی  ملاقات کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر اور افغانستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔