تحریک عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کے پاس نمبر پورے ہیں تو سامنے لائیں، احسن اقبال

تحریک عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کے پاس نمبر پورے ہیں تو سامنے لائیں، احسن اقبال
کیپشن:   تحریک عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کے پاس نمبر پورے ہیں تو سامنے لائیں، احسن اقبال سورس:   فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا اگر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پاس وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے نمبر پورے ہیں تو وہ پیش کریں گے۔ 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت براڈ شیٹ کے حوالے سے کور اپ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس معاملے نے احتساب کی اصلیت پوری قوم کے سامنے کھول دی ہے جبکہ دنیا پریشان ہے کہ یہ کیسی ریاست ہے جس میں ایسے بھونڈے معاہدے کئے جاتے ہیں کہ بغیر کوئی محنت کئے کسی فریق کو بیس فیصد حصہ دے دیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت اس معاملے پر عمل درآمد کے لئے پھرتی دکھائی اور ہائیکورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی رقم ہائی کمیشن کے اکاونٹ میں رکھ دی ہے اور پی آئی اے کا معاملہ بھی ثالثی عدالت میں ہے لیکن ایک جہاز کی لیز کی رقم جمع نہیں کروائی جاتی جبکہ سینکڑوں مسافروں کو غیر ملکی ائر پورٹ پر خوار کیا جاتا تاہم براڈ شیٹ کے معاملے پر بھر پور پھرتی دکھائی جاتی ہے اور جہاز کے معاملے میں نااہل حکومت ذرا پھرتی دکھا دیتی۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز پرانی تجویز ہے، ن لیگ سمجھتی ہے کہ اگر بلاول کے پاس تحریک عدم اعتماد کے نمبرز ہیں اور اتنے اراکین موجود ہیں تو پیش کریں، سینیٹ میں بھی ہمارے نمبرز پورے ہونے کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تھی، فیصلہ کن لانگ مارچ اور اقدام ہی اس حکومت کو ختم کر سکتا ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ براڈشیٹ والے معاملے میں کچھ لوگوں کے مفادات وابستہ تھے، براڈ شیٹ بھی پانامہ کی طرح فراڈ ہی ہو گا، براڈ شیٹ معاہدے کی تحقیقات کرنے والا شخص اس وقت نیب کا ہی ملازم تھا تو انہوں نے کیا تحقیقات کرنی ہیں، ایسے لوگوں کو لانے کا مقصد اس معاملے کو کوراپ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت کا دفاعی بجٹ کا اضافہ ہمارے کل دفاعی بجٹ کے برابر ہو جائے تو ہم اس کا کیسے مقابلہ کر سکیں گے، ہمیں بھارت سے مقابلہ کرنے کے لئے اس سے زیادہ ترقی کرنا ہو گی، آج لوگ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھول کر اپنی نوکریاں اور چھت بچانے میں مصروف ہیں۔